ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 20تا 24فروری ایرو انڈیا شو کی زور دار تیاریاں سخت حفاظتی بندوبست

20تا 24فروری ایرو انڈیا شو کی زور دار تیاریاں سخت حفاظتی بندوبست

Thu, 31 Jan 2019 12:03:54    S.O. News Service

بنگلورو31جنوری(ایس او  نیوز)یلہنکا کے ایرفورس اسٹیشن پر 12واں بین الاقوامی ایرو انڈیا شو 20تا24فروری منعقد کیا جارہا ہے ۔ اس کیلئے تیاریاں تیزی سے جاری ہیں ۔ ایرشو میں اہم شخصیات کی شرکت کے مد نظر سخت سکیورٹی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ آج یلہنکا ایر فورس اسٹیشن میں جاری تیاریوں کا اخباری نمائندوں کے ساتھ معائنہ کرنے کے بعد اےئر کمانڈو افسر ( اے سی او) داودری شیتل نے بتایا کہ 5روزہ ایر شو کیلئے اب تک 363مقامی اور بیرونی ممالک کی کمپنیوں نے اپنے جنگی طیاروں اور ہوائی جہازوں کے پرزوں کی نمائش کے لئے نام رجسٹرکروائے ہیں۔ 52کمپنیوں نے ہوائی کرتب دکھانے کے لئے رجسٹر کروایا ہے۔ مزید کمپنیوں کے رجسٹریشن کی توقع ہے ۔ اس مرتبہ ایمرجنسی حالات کا مقابلہ کرنے ڈزاسٹر مینجمنٹ ٹیم سیٹلائٹ فون کا استعمال کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ایر شو کے 5دنوں میں پروازوں کے 31مظاہرے ہوں گے ۔ یہ مظاہرے صبح10بجے سے دوپہر12بجے تک اور دوپہر 2بجے سے شام 5بجے کے درمیان ہوں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایروانڈیا 2017ء کے دوران 5.40لاکھ افراد نے مختلف طیاروں کے ہوائی مظاہرے کا نظارہ کیا تھا ۔اور ہر دن 1.25لاکھ افراد ایر شو کے نظارہ کے لئے آئے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ یلہنکا ایر فورس اسٹیشن محفوظ علاقہ ہے اس لئے یہاں ایر وانڈیا شو کا انعقاد کیا جاتارہا ہے ۔ ایر شو کے دوران کونسی کونسی طیارہ کمپنیاں اپنے جنگی طیاروں کے ذریعہ مظاہرے کرنے والی ہیں اس سے متعلق تفصیلات محکمہ دفاع فراہم کرے گا۔مسٹر شیتل نے بتایا کہ اس مرتبہ ڈراں اولمپکس ، فوٹو گرافی مقابلہ، اسٹوڈنٹس پویلےئن ،اسٹاراپ چیلنجرز اور یوم خواتین کااہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یوم خواتین تقریب کے دن امریکہ کی سنیتا ولیمس کے شرکت کی توقع ہے ۔ اس دن خواتین پائلٹس ہوائی کرتب پیش کریں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ایر شو کے دوران ہر دن دس ہزار طلباء کو نظارے کاموقع دیا جائے گا۔ انہوں نے بین الاقوامی ہوائی اڈہ کو روانہ ہونے والے مسافروں سے گزارش کی کہ وہ ایر و انڈیا کے 5دن ہوائی اڈہ پہنچنے اور واپس آنے کیلئے ہنور علاقہ کے متبادل راستہ کااستعمال کریں تاکہ ایر شو کے دوران قومی شاہراہ پر ٹرافک اژدھام کامسئلہ نہ پیدا ہو۔ انہوں نے بتایا کہ ایر شو کے دوران سخت بندوبست کیا جائے گا ۔اس کیلئے ریاستی اورمرکزی حکومتیں بھر پور تعاون کررہی ہیں۔ حفاظتی انتظامات کے لئے سی آئی ایس ایف ، سی اے آر ، کے ایس آر پی ، ریاست کی سی اے آر سمیت دیگر پولیس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ ایر فورس اسٹیشن پہنچنے والی گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے وسیع علاقہ مختص کیا گیا ہے ۔ فوڈ کورٹس کی تعداد بھی دو کردی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گیٹ نمبر ایک میں عام آدمیوں کا داخلہ نہیں رہے گا۔ گیٹ نمبر2میں اہم شخصیات اورمیڈیا اور گیٹ 5سے 8تک عام افراد کا داخلہ رکھا گیا ہے ۔ ناظرین کو گیٹ سے میدان تک پہنچانے ایر فورس کی 20بسوں کی سہولت مہیا کی جائے گی ۔ ایر شو کے لئے ٹکٹوں کی فروخت آن لائن جاری ہے ۔ خواہشمند احباب آن لائن ٹکٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ ایر شو کے دوران رافیل کے دو جنگی طیارے بھی اپنا کرتب دکھائیں گے ۔ افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم کی آمد سے متعلق پوچھے گئے سوال پرشیتل نے کوئی جواب نہیں دیا۔


Share: